سری نگر، 5نومبر (یو ا ین آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کے 7 نومبر کو مجوزہ دورہ کشمیر جہاں وہ سری نگر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرنے والے ہیں، کے پیش نظر اس گرمائی دارالحکومت میں زبردست حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ جلسہ گاہ کو چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب بذرگ علیحدگی پسند لیڈر سید علی گیلانی کی طرف سے اسی روز وزیر اعظم کے جلسہ گاہ سے کچھ ہی دوری پر
واقع ٹی آر سی گراؤنڈ میں بلائے گئے متوازی عوامی جلسے کو ناکام بنانے کیلئے علیحدگی پسندوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ گذشتہ ایک ہفتے سے جاری ہے اور غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اب تک دو سے زائد علیحدگی پسند لیڈران و کارکنان کو خانہ یا تھانہ نظربند کیا جاچکا ہے۔
وادی کشمیر میں تقریباً تمام علیحدگی پسند جماعتوں کے علاوہ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن سری نگر نے بھی مسٹر گیلانی کے جلسے (ملین مارچ) کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔